کراچی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب میں سرجیکل اسٹرائیکس اور زمینی دستوں کی کارروائیوں کے باعث میر علی اور دیگر علاقوں میں عسکریت پسندوں کے 60 فیصد سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے کہ مربوط آپریشنل حکمت عملی کے تحت ہونے والی کارروائیوں کے باعث ، طالبان ، ازبک ، چیچن اور دیگر عسکریت پسند گروپس کی کمر توڑ دی گئی ہے۔
جس کے باعث یہ جنگجو تتربتر ہونا شروع ہو گئے ہیں اور فرار کے راستے تلاش کررہے ہیں ، کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کا آپریشنل نظام تباہ اور بڑی تعداد میں اسلحے کے ذخائر بھی تباہ کیے گئے ہیں۔
چار روز سے جاری آپریشن میں دہشت گردوں سے شمالی وزیرستان کے 40 فیصد سے زائد علاقے کو خالی کرالیا گیا ہے ، پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی جدید اور موثر حکمت عملی کے سبب مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ، جھڑپوں کے دوران 200 سے زائد دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔