لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نہ صرف پاکستان بلکہ اقوامِ عالم کے مشترکہ دشمن ہیں،انتہاپسندی کے رجحانات کا خاتمہ فروغ تعلیم سے ہی ممکن ہے، تعلیمی نصاب میں تحمل، برداشت اور روا داری کے مضامین متعارف کرائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے لاہور میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قوم میں مثالی اتحاد اور اتفاق پیدا ہو چکا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ تحمل اور برداشت پر مبنی معاشرے کو پروان چڑھانا مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے۔