پشاور (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوئٹہ کا دورہ مختصر کرتے ہوئے فوری طور پر پشاور پہنچے اور کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انھیں کور کمانڈر پشاور نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر بریفننگ دی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سکول پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور پر مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔
سکول پر حملے سے دہشتگردوں کے عزائم سامنے آگئے ہیں۔ دہشتگرد پاکستان کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عظیم پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
اس سانحہ سے ہمارا عزم نئی بلندیوں تک پہنچ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشتگردوں کیخلاف متعدد کارروائیاں کی گئی ہیں۔ خیبر ایجنسی میں آج دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر 10 فضائی حملے کئے گئے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک مشن جاری رہے گا۔