پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا پولیس اور خفیہ اداروں نے دہشتگردوں کی فہرستیں تیار کر لیں ، شدت پسندوں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا، سروں کی قیمت بھی مقرر کر دی گئی۔ خیبر پختونخوا پولیس نے ستر دہشتگردوں کی فہرست تیار کر لی ہے، دہشتگردوں کو تین کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔
کیٹیگری اے میں پانچ بڑے شدت پسند شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت دو کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ کیٹیگری بی میں جو دہشتگرد شامل ہیں ان کے سروں کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے جبکہ سی کیٹیگری میں 63 عسکریت پسندوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
فہرستوں میں شامل شدت پسند زیادہ تر پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں حملوں میں ملوث ہیں۔ تیار کی گئی فہرستوں میں کالعدم تنظیموں کے سرغنہ بھی شامل ہیں۔ تینوں کیٹیگریز کی فہرستیں محکمہ داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہیں جنہیں بعد ازاں میڈیا پر مشتہر بھی کیا جائے گا۔