لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور دہشت گردوں کا جنازہ پڑھانے والے جواب دیں کہ یہ کس شریعت کے تحت ایسا کرتے ہیں، حکومت بھی کسی خوف کے بغیر ان مدارس کا نام لے جو دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ لاہور میں پاکستان علماء کونسل کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اکیسویں آئینی ترمیم میں مذہب کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کو شامل کیا جائے
وزیراعلیٰ پنجاب نے مساجد اور مدارس کے خلاف بلاجواز کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم وہ دہشت گردی میں ملوث مدارس کا نام عوام کے سامنے لائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم اکیسویں ترمیم کی حامی ہے، 16 جنوری کو سانحہ پشاور کا ایک ماہ مکمل ہونے پر ملک بھرمیں یومِ یکجہتیِ پاکستان منایا جائے گا۔