لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کے کیمپوں اور بنوں واقعے کا جواب دیا گیا ہے، سرچ آپریشن کیساتھ ہر وہ کارروائی کی جارہی ہے جو دہشت گردی روکنے میں مدد دے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث قوتوں کی نشاندہی ہو گئی، غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہتھکنڈے کسی طور قوم کو کمزور نہیں کر سکیں گے، طالبان کیساتھ مذاکرات کا فیصلہ مکمل قومی اتفاق رائے سے کیا گیا،ان کا کہنا تھاکہ سانحہ راولپنڈی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ آچکی ہے، جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ نہیں ملی، 71 افراد کیخلاف چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کر دیا، رانا ثنااللہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے حوالے سے سخت پالیسی ہے۔
عمران خان مذاکراتی عمل کا حصہ بننے کیلئے بھی تیار نہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گیند اب عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے کورٹ میں ہے، ان کی مرضی ہے، گیند حکومت کی طرف اچھال دیں یا گم کر دیں۔