دہشتگردوں کا ہدف وزیراعظم کی رہائشگاہ تھا، صوبائی وزیر شجاع خانزادہ

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے رائیونڈ آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حلیے سے دہشتگرد مقامی لگتے ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی رہائشگاہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

رائیونڈ کے نواحی گاؤں پنڈ رائیاں میں دہشتگردوں کے خلاف 10 گھنٹے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہونے والے آپریشن پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ کمپاؤنڈ سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے اور قوی امکان ہے کہ دہشتگرد وزیراعظم کی رہائش گاہ جاتی عمرہ سمیت دیگر اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جس کے لئے اس مکان میں منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ میں خواتین کی موجودگی کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اطلاعات تھیں کہ گھر میں خواتین بھی ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے قبل ہی خواتین گھر چھوڑ چکیں تھیں۔