پشاور (جیوڈیسک) آئی جی پولیس خیبر پختونخوا احسان غنی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی، پولیس ان کے خلاف چھوٹے ٹارگٹڈ آپریشنز کرتی رہے گی جہاں ضرورت پڑی بڑے آپریشن کیے جائیں گے۔ پشتخرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں آئی جی پولیس احسان غنی ،چیف سیکرٹری ارباب شہزاد، سی سی پی او لیاقت علی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پولیس پر حملے ان کا مورال کم کرنے کے لیے کیے جارہے ہیں، تاہم پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے اور دہشتگردی کے خلاف کاروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ امن وامان کے حوالے سے چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس ہوا ہے۔
جس میں انٹلی جنس روابط بہتر بنانے اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے امور پر اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، پولیو ٹیموں اور آئی ڈی پیز کی سیکیورٹی کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں بھی پولیس مصروف ہے۔