کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی ساجد قریشی کے قتل کے سوگ میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہو گیا۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کا کہنا ہے دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں کریں گے جبکہ صوبائی وزیر منظور وسان نے کراچی کے حالات پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
ساجد قریشی کے قتل پر یوم سوگ کے باعث ایم کیو ایم کے ارکان بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ ساجد قریشی کا قتل پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کا تسلسل ہے۔
پنجاب میں دہشت گردی کے مراکز کو بند کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رکن اسمبلی سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔ صوبائی وزیر منظور وسان نے اعلان کیا کہ کراچی کے حالات پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔