دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے تیز ترین عدالتی نظام لا رہے ہیں: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

کلرسیداں (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے تیز ترین عدالتی نظام لے کر آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کلرسیداں میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیوز لیکس رپورٹ تقریباً تیار ہے جلد حکومت کو مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے الزامات کی کوئی وقعت نہیں۔ پیپلزپارٹی کو مجھ سے جو تکلیف ہے سب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری تقریر ریکارڈ پر ہے، کوئی پڑھ تو لے۔ بہتر تھا کہ میری سینیٹ کی تقریر کا جواب دیا جاتا۔ میری تقریر پڑھے بغیر کچھ لوگوں نے اپنا مطلب نکال لیا۔ میری تقریر ریکارڈ پر ہے کوئی پڑھ تو لے۔

انہوں نے پروفیسر سلمان حیدر کی گمشدگی بارے کہا کہ اسلام آباد میں صرف سلمان حیدر کی گمشدگی کی رپورٹ ہے کسی اور کے گمشدہ ہونے کی رپورٹ نہیں ہے۔ سکیورٹی ایجنسیز کو سلمان حیدر کی بازیابی کا ٹاسک دے رکھا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سب جلد ازجلد بازیاب ہوں۔ سلمان حیدر کے معاملے کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔

چودھری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومتی کوششیں سب کے سامنے ہیں۔ دہشت گردوں کو منقی انجام تک پہنچانے کیلئے نظام لا رہے ہیں۔ کراچی آپریشن اور ملک میں امن وامان کے قیام کا کریڈٹ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ہر چیز کی ذمہ داری مجھ پر ڈالتی ہے۔