پالیکیلے (جیوڈیسک) پالیکیلے میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر چھ رنز بنائے ہیں۔
سری لنکا کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 80 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور کوشل سلوا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں چھ رنز بنائے۔
سری لنکا کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ گرنے کے ساتھ ہی بارش شروع ہو گئی جس کے بعد دوسرے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کی پوری ٹیم سری لنکا کے 117 رنز کے جواب میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں ایڈم ووگز نے تین چوکوں کی مدد سے 47 اور مچل مارش نے پانچ چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے رنگانا ہیراتھ اور لکشن سنداکن نے پہلی اننگز میں چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 117 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کی جانب سے مدھورنگا ڈی سلوا نے پہلی اننگز میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 اور کوشل پریرا نے تین چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون اور جوز ہیلز وڈ نے پہلی اننگز میں تین تین جب کہ مچل سٹارک اور سٹیفن جان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ منگل کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔