ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی گھوم پھر کر واپس آسٹریلیا پہنچ گئی

Australia

Australia

سڈنی (جیوڈیسک) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی گھوم پھرکرواپس آسٹریلیا پہنچ گئی، کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے اسے کینگرو کپتان مائیکل کلارک کے سپرد کر دیا۔

ادھر جنوبی افریقہ پھر ہتھیانے کیلیے بے چین ہے، آئندہ کچھ عرصے میں دونوں کے درمیان جنگ چھڑے رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی2009 کے بعد آسٹریلیا واپس آئی،اس وقت رینکنگ میں کینگروز اور پروٹیز دونوں ہی 123 ریٹنگ پوائنٹس کے حامل لیکن اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے کلارک کی ٹیم آگے ہے، یہ ٹاپ پوزیشن عارضی بھی ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کو آئندہ ماہ سری لنکا کے ساتھ 2ٹیسٹ کھیلنے ہیں، اس میں کلین سوئپ کی بدولت پروٹیز دوبارہ نمبر ون ٹیسٹ سائیڈ بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب کلارک اس پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلیے پاکستان اور بھارت سے سیریز پر نگاہیں لگائے بیٹھے ہوئے ہیں، انھوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا مقصد ٹیسٹ میں اپنی فارم کو مسلسل بہتر بنانا ہے تاکہ یہ بات فخر سے کہہ سکیں کہ ہم واقعی دنیا کی نمبرون سائیڈ ہیں، ہماری اگلی سیریز اکتوبر نومبر میں پاکستان سے شیڈول ہے، پھر نومبر سے جنوری کے دوران بھارت سے مقابلہ ہوگا، یہ دونوں سیریز درحقیقت ہماری ٹیم کی آزمائش ہیں۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کے حوالے سے کلارک نے کہا کہ یہ ہماری ٹیم اور اس سے منسلک تمام لوگوں کی بہت بڑی کامیابی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ یہ ایک بار پھر ہمارے ملک میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ رینکنگ میں انگلینڈ 104 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے، بھارت کی پانچویں پوزیشن اور پوائنٹس کی تعداد 102 ہے۔ نیوزی لینڈ (92) چھٹے، سری لنکا (90) ساتویں، ویسٹ انڈیز (76) آٹھویں، زمبابوے (40) نویں اور بنگلہ دیش (21) دسویں نمبر پر موجود ہیں۔