لاہور (جیوڈیسک) مصباح الحق کو ٹیسٹ کلیئر کیے بغیر ہی کاکول اکیڈمی میں داخلہ مل گیا، طویل فارمیٹ کے کپتان کو ’’بخار‘‘ کے باعث چھوٹ دی گئی، فٹنس کیمپ کے دوران ہی جانچی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 8 سے 12 مئی تک ہوئے،انجرڈ محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل اور ذوالفقار بابراس میں شریک نہیں تھے، ان چاروں کرکٹرز کو مکمل صحتیابی کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی پروگرام میں شرکت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،انھیں فٹ ہونے پر ہی ایبٹ آباد کیمپ میں بھجوایا جائیگا۔
دوسری جانب قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تاخیر سے این سی اے میں دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کیا، البتہ بیرون ملک سے واپس آنے پر تھکاوٹ اور پھر بخار کی وجہ سے ان کا ٹیسٹ موخر کردیا گیا، پی سی بی کے مطابق مصباح کی فٹنس پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیمپ کے دوران جانچی جائیگی، بورڈ کے فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن ان کا ٹیسٹ لینے کے بعد ڈیٹا تیار کرینگے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال بھارت میں ورلڈ ٹی 20کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے محمد حفیظ کی جانب سے بھی پی سی بی سے کیمپ میں شرکت کی درخواست کی گئی تھی ، وہ چاہتے تھے انھیں ہفتے کو شروع ہونیوالے کیمپ میں شرکت کیلیے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ایبٹ آباد بھجواکر مکمل فٹ ہونے پر وہیں ٹیسٹ کا بندوبست کرلیا جائے، مگر حکام نے ان کی انجری کی صورتحال دیکھتے ہوئے کوئی خطرہ مول لینے سے گریز کیا، دوسری جانب مصباح الحق کو شکوک ہونے کے باوجود کاکول اکیڈمی بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔