لاہور (جیوڈیسک) ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کےا عتراف میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو آئی سی سی کی جانب سے خصوصی گرز کے اعزاز سے نوازا گیا، قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو خصوصی گرز کا ایوارڈ دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس کی تاریخ میں پہلی بار اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ رینکنگ میں صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے ۔ پاکستان کو ابھی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنا ہیں اور اگر ان میں مصباح الیون کامیاب رہی تو یکم اپریل دو ہزار سترہ کو آئی سی سی رینکنگ کے مطابق جو ٹیم پہلے نمبر پر ہوئی اس کو دس کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان کیلئے آج تاریخی موقع ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں نمبرون رینکنگ حاصل کرنا کسی بھی ٹیم کا خواب ہوتا ہے ، میں مصباح الحق او رپاکستان کرکٹ ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کئی ٹیموں نے کرکٹ کے میدان میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن وہ قیادت کے فقدان کی وجہ سے وہ کامیابی نہ حاصل کر سکیں جو پاکستان کرکٹ ٹیم نے حاصل کی ، ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی میں بلا شبہ مصباح الحق کی کپتانی کا بہت اہم کردار ہے اور ان کی قیادت کی وجہ سے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔