دوسرا ٹیسٹ انگلینڈ کا، پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام

Misbah

Misbah

اولڈ ٹریفرڈ (جیوڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 330 رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کے پاکستان کو جیتنے کے لیے 565 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 234 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عامر تھے جو 30 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بلے باز انگلش بولروں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔

565 رنز کا ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی جب سات کے مجموعی سکور پر شان مسعود ایک رن بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد اظہر علی بھی اینڈرسن کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ کو 42 کے انفرادی سکور پر معین علی نے آؤٹ کیا۔ یونس خان بھی 28 رنز بنا کر معین علی کو ایک بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مصباح الحق 35 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سرفراز احمد سات رنز بنا کر ووکس کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق اینڈرسن کا تیسرا شکار بنے اور 39 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین کو واپس چلے گئے۔

معین علی، ووکس اور اینڈرسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں یاسر شاہ معین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انھوں نے 10 رنز بنائے۔ وہاب ریاض 19 رنز بنا کر روٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 173 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ انگلینڈ کی اننگز کے اختتام پر ایلسٹر کک 76 اور جو روٹ کریز 71 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

تیسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنائے تھے۔ چوتھے دن کے آغاز میں دونوں بیٹسمینوں نے شروع سے ہی کھل کر کھیلنا شروع کیا اور پاکستانی بولرز ان کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے۔

بین سٹوکس بولنگ کے دوران ٹانگ میں تکلیف کے باعث بولنگ جاری نہ رکھ سکے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی ایلکس ہیلز تھے جو 24 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز 198 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح انگلینڈ کو پاکستان پر 391 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی تھی۔ کپتان ایلسٹر کک نے فالو آن کے باوجود پاکستان کو دوبارہ کھیلنے کی دعوت دینے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔