کراچی (جیوڈیسک) ایجبسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 297 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پانچ سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے سہیل خان نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے ہوئے 5 انگلش بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے سہیل خان نے 36 کے مجموعی اسکور پر ہیلز کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرادیا، جوروٹ کا شکار بھی سہیل خان نے کیا۔ اس بار سلپ میں محمد حفیظ نے کیچ لیا۔
الیسٹر کک 45 رنز کی اننگز کھیل کر راحت علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس وقت انگلینڈ کا اسکور 75 رنز تھا۔ واضح رہے کہ الیسٹر کک نے اس گراؤنڈ پر 2011 میں بھارت کے 294 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو اس گراؤنڈ پر کسی بھی بیٹسمین کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں ونس اور بیلنس نے 69 رنز بناکر ٹیم کو کسی حد تک مشکل سے نکالا۔ اس موقع پر ونس 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ونس کی وکٹ بھی سہیل خان کے حصے میں آئی۔ بیرسٹو 12 رنز بناکر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، یہ وکٹ بھی سہیل خان کو ملی۔ 158 رنز پر انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
بیلنس اور معین علی نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بناکرانگلش ٹیم کی پوزیشن کو کسی حد تک مستحکم کردیا۔ بیلنس 70 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔ ووکس صرف 9 رنز بناسکے۔
80 اوورز کے کھیل کے بعد پاکستان نے نئی بال لی اور پہلی ہی گیند پر محمد عامر نے اسٹیورٹ براڈ کو 13 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے فوری بعد معین علی بھی 63 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔یہ وکٹ بھی عامر کی جھولی میں آکر گری۔
اینڈرس کو سہیل خان نے ایل بی ڈبلیو کیا جو سہیل خان کی پانچویں وکٹ تھی۔ یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 297رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے سہیل خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ راحت علی اور محمد عامر نے دو، دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ایجبسٹن انگلینڈ کا وہ واحد میدان جہاں پاکستان نے پانچ یا اس سے زائد ٹیسٹ کھیلے مگر کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔ پاکستان اس گراؤنڈ پر آج بھی انگلینڈ کے خلاف پہلی جیت کا منتظرہے۔
برمنگھم میں پاکستان نے سات ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار انگلینڈ جیتا جبکہ تین بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ 1962 میں انگلینڈ نے پاکستان کواننگز اور 24 رنز، 1978 میں اننگز اور57 رنز، 1982میں 113رنز اور2010 کے ٹیسٹ میچ میں9 وکٹ سے شکست دی تھی۔
چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 330 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔