لارڈز (جیوڈیسک) انگلینڈ کے بیٹسمین روٹ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم سری لنکا کے خلاف 9 وکٹوں پر 575 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے میں کامیاب ہو گئی، تا ہم اس کے جواب میں لنکن ٹیم نے بھی اچھا آغاز کیا ہے، اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 140رنز بنا لئے تھے۔
میزبان ٹیم نے نو وکٹوں پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ مہمان ٹیم کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے ابھی 435 رنز کی ضرورت ہے، اور اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔ سری لنکا کے کرونا رتنے 32 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر وکٹ کیپر پرائر کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے۔
کھیل ختم ہونے پر کمارا سنگا کارا 32 اور دوسرے اوپنر سلوا 62 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ اس سے پہلے انگلینڈنے پانچ وکٹوں پر 344 رنز کے ساتھ اپنی نا مکمل اننگز شروع کی، تو پرائر 86رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ تا ہم سٹوارٹ براڈ نے 47 اور پلنکٹ نے 39 رنز کی اننگز کے ساتھ روٹ کا خوب ساتھ دیا اور سکور 575 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
روٹ 200 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ انگلینڈ کی تاریخ میں وہ ڈبل سنچری بنانے والے چوتھے کم عمر ترین بلے باز بن گئے ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے پردیپ نے چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔