وشاکا پٹنم (جیوڈیسک) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان وشاکا پٹنم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ بھارت نے دوسرا ٹیسٹ 246 رنز سے اپنے نام کر لیا ہے۔
بھارت نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 405 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم انگلینڈ کے بلے باز اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 158 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
دوسری اننگز میں کپتان ایلسٹر کک 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ انگلینڈ کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 455 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز کی خاص بات کپتان ویرات کوہلی اور پوجارا کی سینچریاں تھیں۔ ویرات کوہلی نے 167 جبکہ پوجارا نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے جواب میں انگلینڈ نے مایوس کن آغاز کیا۔ اوپننگ بلے باز جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر جو روٹ نے ٹیم کو سہارا دیا اور 53 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر بلے بازوں میں سٹوکس 70 اور بیرسٹو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تاہم کوئی اور بلے باز اچھی پرفارمنس نہ دکھا سکا۔ یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں ایشون 5 وکٹیں حاصل کرکے س سے کامیاب گیند باز رہے۔
بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 204 رنز بنا کر انگلینڈ کو جیت کیلئے 405 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ تاہم انگلینڈ کا کوئی بلے باز بھارتی باؤلرز کا کھل کر مقابلہ نہ کر سکا۔ بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ایشون اور یادو نے 3،3 جبکہ محمد شامی اور جدیجہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 405 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔