پالی کیلے (جیوڈیسک) تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے جواب میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالئے۔
سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کے 66 رنز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالئے۔ قومی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ شان مسعود 13، احمد شہزاد 21، اظہرعلی 52، یونس خان 3، اسد شفیق 15، کپتان مصباح الحق 6 اور یاسرشاہ 18 اور احسان عادل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ میچ کے دوران بارش کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بارش برقرار رہنے کے بعد دوسرے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 272 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن یاسر شاہ اور راحت علی نے صرف 6 رنز پر دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ یاسر شاہ نے اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ راحت علی نے 3 اوراظہرعلی نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ میچ کے پہلے روز پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی توسری لنکا کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔