دبئی (جیوڈیسک) ٹیم نے سری لنکا کو 2-0 سے زیر کرکے گرین کیپس سے فاصلہ 3 پوائنٹس تک سمیٹ دیا، ساتویں نمبر پر موجود آئی لینڈرز کا 6 رینک جنوبی افریقہ سے فاصلہ مزید بڑھ گیا، لارڈز میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت جونی بیئر اسٹو ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے، بیٹسمینوں میں پاکستانی یونس خان اور مصباح الحق بدستور ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنائے ہوئے ہیں، یاسر شاہ کی بولرز میں چوتھی پوزیشن بھی خطرے سے باہر رہی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے سری لنکا کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 سے زیر کرکے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، اس طرح تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سے اس کا فاصلہ اب صرف تین پوائنٹس ہی باقی رہ گیا ہے، آئندہ ماہ انگلینڈ کو پاکستان کی چار ٹیسٹ میچز کیلیے میزبانی کرنا ہے، اس سے رینکنگ میں مزید اتار چڑھاؤ آسکتا ہے۔
ٹاپ پر موجود آسٹریلیاکو آئندہ ماہ سری لنکا سے تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلنی ہے۔ بھارت، پاکستان ٹیم پر صرف ایک پوائنٹ کی برتری کی وجہ سے دوسرے نمبر پر فائز ہے، نیوزی لینڈ پانچویں، ویسٹ انڈیز ساتویں اور بنگلہ دیش آٹھویں نمبر پر موجود رہا۔ ادھر سری لنکا کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں کیریئر بیسٹ 167 رنز ناٹ آؤٹ اور 32 کی اننگز کھیلنے والے جونی بیئر اسٹو پہلی مرتبہ 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے،اس طرح وہ روٹ اور کپتان الیسٹرکک کے بعد ٹاپ 20 میں شامل تیسرے انگلش بیٹسمین ہیں، روٹ کو2 درجے تنزلی کی وجہ سے چوتھے نمبر پر پہنچنا پڑا۔
ٹاپ پر بدستور آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ براجمان ہیں، ایک ایک درجہ ترقی پاکر کین ولیمسن اور ہاشم آملا بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن سنبھال چکے، یونس خان پانچویں اور مصباح الحق بدستور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز میں ٹاپ پر جیمز اینڈرسن کا قبضہ رہا، ایشون کا دوسرا اور اسٹورٹ براڈ کا تیسرا نمبر ہے، پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی چوتھی پوزیشن فی الحال خطرے سے باہر ہے۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے ایشون ہی نمبرون پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔