دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کیخلاف شروع ہونے والی سیریز میں کامیابی درکار ہوگی،سیریز 1-1 سے ڈرا ہونے پر چوتھے نمبر پر موجود پاکستان ایک درجہ بہتری حاصل کرسکتا ہے۔
جیمز اینڈرسن کو ٹیسٹ میچز کی سنچری بنانے والے 13 ویں انگلش کرکٹر بن سکتے ہیں، انھیں انگلینڈ کے سب سے زیادہ کامیاب ٹیسٹ بولر بننے کیلیے مزید 4 شکار کرنا ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز پیر سے اینٹیگا میں شروع ہونے جارہی ہے، انگلش ٹیم سردست 104 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہے اور ان کے پوائنٹس 76 ہیں۔
ان دونوں کے درمیان 28 پوائنٹس کافرق ہے،1-0 سے کامیابی پر انگلش ٹیم اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھ پائے گی جبکہ 1-1 سے ڈرا ہوجانے پر انگلش ٹیم پوائنٹس کھونے پر تیسری پوزیشن سے محروم ہوسکتی ہے اور اس کا براہ راست فائدہ پاکستان کو پہنچ سکتاہے جو تیسرے نمبر پر آسکتی ہے، 2-0 سے کامیابی انگلش ٹیم کو ایک ریٹنگ پوائنٹ دلواسکے گی جبکہ 3-0 کا نتیجہ الیسٹرکک الیون کے ریٹنگ پوائنٹس106 بناسکتا ہے،سردست ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ کا پہلا نمبر ہے۔
آسٹریلیا دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، شیونرائن چندرپال 7 ویں پوزیشن کے ساتھ دونوں ٹیموں کے نمایاں ترین بیٹسمین ہیں، انگلینڈ کے جوئے روٹ کیریئر کی بلند ترین 10 ویں پوزیشن پر ہیں، ای ین بیل 20 ویں نمبر پر ہیں، ان کے علاوہ انگلش کپتان الیسٹرکک 25 ، گرے بیلنس 29 ، مارلون سیموئلز 31 اور ڈیرن براوو 32 ویں نمبروں پر ہیں ، تاہم سنگاکارا نے ٹاپ پوزیشن پر قدم جمارکھے ہیں، بولنگ میں فی الوقت چوتھی پوزیشن پر موجود جیمز اینڈرسن کے پاس ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے کا موقع ہے۔
وہ اب تک 99 میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں، اینٹیگا میں وہ یہ سنگ میل عبور کرلیں گے، اس کے علاوہ انھیں سابق انگلش پیسر ای ین بوتھم کی سب سے زیادہ وکٹوں کے ریکارڈ 383 کو برابر کرنے کیلیے مزید تین شکار درکارہیں، ڈیل اسٹین نمبرون ہیں۔دونوں ممالک میں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اپریل تک گرینیڈا میں شیڈول ہے جبکہ سیریز کا اختتامی معرکہ بارباڈوس میں یکم سے 5 مئی تک کھیلا جائے گا۔