دبئی (جیوڈیسک) نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی پلیئرز کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، تجربہ کار یونس خان نے چھٹی پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمالیے، بولنگ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کا نمبر چوتھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی یونس خان کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی،اسٹیون اسمتھ پہلے، ابراہم ڈی ویلیئرز دوسرے اورجوئے روٹ تیسرے نمبر پربراجمان ہیں، بھارتی کرکٹرچتیشور پجارا پہلی بار ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے،سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں 145 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے پجارا ایک ہی جست میں 4 درجے کی چھلانگ لگاکر 20 ویں نمبر پرفائز ہوئے، کپتان کوہلی ٹیم کی فتح کے باوجود ایک درجے تنزلی سے 11 ویں نمبر پر چلے گئے۔
روہت شرما 2 درجے ترقی ملنے پر 48 ویں نمبر پر پہنچے، امیت مشرا بھی یکدم 56 درجے کی چھلانگ کر91ویں نمبر پر فائز ہوگئے،سری لنکا کے دیموتھ کرونا رتنے6 درجے تنزلی کے بعد 38ویں نمبرپر چلے گئے، بولنگ میں ڈیل اسٹین کی حکمرانی قائم و دائم ہے، اسٹورٹ براڈ دوسرے، ٹرینٹ بولٹ تیسرے اور پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ چوتھے درجے پررہے۔
جیمزاینڈرسن پانچویں، مچل جونسن چھٹے، ورنون فلینڈر ساتویں، ایشون آٹھویں ، رنگانا ہیراتھ نویں اور ٹم ساؤتھی دسویں نمبر پر ہیں، ایشانت 3 درجے بہتری کے بعد 18ویں پوزیشن پر فائز ہوئے،اتنے ہی درجے ترقی نے سری لنکن پیسر دھمیکا پرساد کو 22 ویں پوزیشن کا حقدار بنا دیا، نووان پردیپ 12 درجے بہتری سے 57 ویں نمبر پر آگئے، آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن بدستور سرفہرست، ایشون دوسرے اور فلینڈر تیسرے درجے پر موجود ہیں۔