ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا پاکستان کے سامنے معمولی ٹیم دکھائی دی، وسیم اکرم

Wasim Akram

Wasim Akram

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے آسٹریلیا سے 20 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتنے پر دلی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ٹیم کے سامنے آسٹریلیا عام سی ٹیم دکھائی دی۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں 32 سال بعد وائٹ واش اور 20 سال بعد سیریز میں ناکامی گرین شرٹس کے لئے قابل رشک ہے جبکہ جادوگر اسپنر سعید اجمل کی غیر موجودگی میں بولنگ لائن کمزور دکھائی دے رہی تھی لیکن ذوالفقار بابر اور نوجوان لیک اسپنر یاسر شاہ نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کر کے اپنے آپ کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ بہترین بولرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیریز سے قبل ایسا محسوس ہوتا تھا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں خامیاں موجود ہیں لیکن تمام بیٹسمینوں خصوصاً یونس خان اور مصباح الحق نے حیران کن پرفارمنس پیش کی اور دونوں ٹیسٹ میچز میں کینگروز ٹیم ایک عام سی ٹیم دکھائی دی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ یہ نہیں سوچا تھا کہ پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بھی مستقبل مزاجی برقرار رکھ پائے گی لیکن یونس خان نے اس کی بنیاد رکھی اور تمام کھلاڑی آسٹریلین بولرز کے سامنے بہت اچھا کھیلے۔