سڈنی (جیوڈیسک) سابق آسٹریلوی کپتان ای ین چیپل نے ٹیسٹ ٹیموں کی تعداد کم کرنے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایٹ سائیڈز کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا مذاق سے کم نہیں۔ آئی سی سی کے نزدیک نتائج سے زیادہ چھوٹی ٹیموں کے ووٹ اہمیت رکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک کالم میں کیا۔
چیپل نے کہا کہ حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایسوسی ایٹ ٹیموں کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے مگر اس کے ساتھ میں یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ اس سے موجودہ دس فل ممبران کے اسٹیٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گااس سے صاف دکھائی دیتا ہے کہ اس کو نتائج یا کرکٹ میں بہتری کے بجائے صرف ووٹس کی فکر ہے۔
وہ موجودہ طاقت کے توازن کو بگاڑنا نہیں چاہتے، اعلان کردہ پلان کے تحت ایسوسی ایٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ انٹرکانٹی نینٹل کی فاتح سائیڈ کو رینکنگ میں سب سے نچلے درجے پر موجود ٹیم کے ساتھ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گاجس کا آغاز 2018 سے ہو گا۔