اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز چار وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے ہیں۔
شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں جمعہ کو میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی پہلی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔
محض چھ کے مجموعی اسکور پر اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے گبریئل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ پہلے میچ میں اس پاکستانی بلے باز نے ٹرپل سینچری اسکور کی تھی۔
پاکستان کا اسکور جب 42 پر پہنچا تو بشو نے سمیع اسلم کو بولڈ کر دیا۔ انھوں نے صرف چھ رنز اسکور کیے تھے۔
اسد شفیق اور یونس خان نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور پراعتماد طریقے بلے بازی کرتے ہوئے مجموعی اسکور کو 129 تک لے گئے۔ لیکن اس کے بعد اسد شفیق بھی گبریئل کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئ۔ انھوں نے 68 رنز بنائے تھے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں ان فٹ ہونے کی وجہ سے شرکت نہ کر سکنے والے بلے باز یونس خان کو اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی۔ وہ 127 رنز بنا کر براتھویٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو کریز پر مصباح الحق موجود تھے جنہوں نے 90 رنز بنا رکھے تھے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔