لندن (جیوڈیسک) آئی سی سی نے تازہ ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی۔ بلے بازوں میں یونس خان، احمد شہزاد، سرفراز احمد، اسد شفیق کی رینکنگ میں بہتری آگئی جبکہ قومی کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ تنزلی کا شکار ہو گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پلیئرز ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے والے بلے باز یونس خان 4 درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔
اسد شفیق 3 درجہ بہتری کے بعد 21 ویں جبکہ سرفراز احمد 12 درجہ کامیابی کے بعد 38 ویں نمبر پر موجود ہیں ۔ احمد شہزاد بھی بیٹنگ رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہے ، وہ اس فہرست میں 52 نمبر پر ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے، مصباح الحق 10 ویں سے 11 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگا کارا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔ باؤلرز رینکنگ میں ذوالفقار بابر 46 درجہ ترقی کرکے 51 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
کینگروز کو پویلین کی راہ دکھانے والے نوجوان باؤلر یاسر شاہ کا 62 واں نمبر ہے ۔ سینئر باؤلر محمد حفیظ 3 درجہ تنزلی کا شکار ہو کر 56 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔ جبکہ اس لسٹ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین سرفہرست ہیں۔ آل رائونڈر کیٹگری میں روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
اس کیٹگری میں پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکے ۔ ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجہ بہتری کے بعد قومی ٹیم چھٹی سے چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے ۔ آسٹریلیا کی دوسری پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، بھارت ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔