نیویارک (جیوڈیسک) جدید ٹیکنولوجی جہاں سہولت ہے، وہیں اس کا زیادہ استعمال مسائل بھی پیدا کرتا ہے۔ رابطے کے دو اہم ذرائع یعنی ٹیکسٹ میسج اور سوشل میڈیا صحت کے کیا مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ اگر ڈاروِن کا نظریہ سچ مان لیا جائے تو بندر سے انسان تک کا اِرتقا لاکھوں برسوں میں ہوا لیکن کیا انسان پھر سے بندر کی طرح کبڑا ہو جائے گا؟
ایک نئی تحقیق کے مطابق موبائل فون پر ٹیکسٹ میسج لکھنے یا پڑھنے کے لیے جھکنے سے جِسمانی ساخت میں خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ جِسم کا توازن بگڑ رہا ہے اور چال ڈھال بدل رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایس ایم ایس کے لیے سَر آگے بڑھا کر جھکانے سے ریڑھ کی ہڈی کے اوپری حصے میں تِیس پونڈ تک کا اضافی دباوٴ پڑتا ہے۔
جس کی وجہ ہڈیوں اور پٹھوں کا توازن خراب ہوسکتا ہے۔ تو اِنسان اگر اِسی طرح ایس ایم ایس کرتا رہا تو وہ وقت دور نہیں جب وہ دوبارہ بن مانس جیسا ہوجائے۔ بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی، بلکہ سوشل میڈیا، موبائل فون اور انٹرنیٹ بھی انسان کو صحت مند زندگی سے دْور لے جا رہے ہیں۔
امریکی تحقیق کے مطابق اِن سہولتوں کا زیادہ استعمال نیند اور بھوک پر منفی اثرات کے علاوہ ذہنی اور جسمانی پیچیدگیاں پیدا کر رہا ہے اور انسانی کی کارگردی کو بھی متاثر کر رہا ہے۔