ٹیکسٹائل سٹی اور کے الیکٹرک کول پاور پلانٹ لگانے پر متفق

Textile

Textile

کراچی (جیوڈیسک) ٹیکسٹائل سٹی میں ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹریل یونٹس کو رعایتی ٹیرف پربجلی کی فراہمی کے ساتھ اسٹیم اور گرم پانی مہیا کرنے کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ 600 میگاواٹ کے حامل کول پاور کا مشترکہ منصوبہ زیر غور ہے، مجوزہ منصوبہ کے الیکٹرک نے پیش کیا ہے۔

یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے 58 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرزاجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت ٹیکسٹائل سٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کی، دوران اجلاس کے الیکٹرک کے بزنس ڈیولپمنٹ ہیڈ ڈاکٹر سید نوید احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر عامر طلعت نے مجوزہ مشترکہ کول پاورپروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی جس پرپاکستان ٹیکسٹائل سٹی بورڈاور کے الیکٹرک نے اس ضمن میں باقاعدہ معاہدے پررضامندی ظاہر کرتے ہوئے معاہدے کی سفارشات منظوری کے لیے وفاقی وزارت ٹیکسٹائل کو ارسال کر دیں۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک اس سے قبل بھی پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے ساتھ 50 میگاواٹ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا معاہدہ کر چکی ہے۔

جس کے لیے مطلوبہ انفرااسٹرکچربھی مکمل کردیا گیا ہے۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کا یہ پروجیکٹ تکمیل کے بعد 80 ہزار سے زائد افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے علاوہ ملک کے لیے گرانقدر ایکسپورٹ اور قومی خزانے کو کثیر ریونیوجنریٹ کرنے کا باعث بنے گا۔

اجلاس میں بورڈ ڈائریکٹر نیشنل بینک کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ وجاہت اے بقائی، ڈائریکٹر جنرل پورٹ قاسم اتھارٹی شبیر انور قاضی، سعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچرل انویسٹمنٹ کے سینئر وائس پریذیڈنٹ شیخ آفتاب احمد، وزارت صنعت کے جوائنٹ سیکریٹری ضرار حیدر، این آئی بی بینک کے گروپ ہیڈ شاہ مفتاح العظیم، وزارت ٹیکسٹائل کے ڈپٹی سیکریٹری محمد صلاح الدین اور پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حنیف کسباتی نے بھی شرکت کی۔