کراچی (جیوڈیسک) یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس اور خام تیل سمیت کموڈیٹی پرائسز میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستانی برآمدی شعبے کے حالات بدل نہ سکے۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات 83 کروڑ 11 لاکھ 86 ہزار ڈالر یا 8.15 فیصد کی کمی سے 9 ارب 36 کروڑ 36 لاکھ 11 ہزار ڈالر رہیں، ٹیکسٹائل گروپ میں صرف تیار ملبوسات کی ایکسپورٹ میں 4.20 فیصد اور ٹاولزکی برآمد میں 0.20 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم خام روئی 46.97 فیصد، سوتی دھاگے 32.45 فیصد، سوتی کپڑے 10.14 فیصد، دیگر اقسام کی یارن 20.38 فیصد، نٹ ویئر 2.10 فیصد، خیمے 27.89 فیصد اور بیڈویئر کی برآمد 4.13 فیصد گرگئی۔
پاکستان بیوروشماریات (پی بی سی) کی جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق فوڈ گروپ میں بھی کم وبیش تمام اشیا کی ایکسپورٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی، اشیائے خوراک کی مجموعی برآمد 11.59 فیصد کمی سے 3 ارب 4 کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار ڈالر رہی، چینی اور گندم پر برآمدکنندگان کو ری بیٹ دیے جانے کے باوجود کوئی فائدہ نہ نکل سکا اور پاکستان جولائی سے مارچ کی مدت میں صرف 500 ٹن گندم بیرون ملک فروخت کرسکا۔
چینی کی ایکسپورٹ 2 لاکھ 91 ہزار 582 میٹرک ٹن رہی، گندم کی برآمد سال بہ سال 91.06 فیصد اور چینی کی 36.37 فیصد کم رہی جبکہ چاول کی ایکسپورٹ 12.34 فیصد کمی سے 1 ارب 37 کروڑ 59 لاکھ 99 ہزار ڈالر رہی، مچھلی، سبزیوںاور پھلوں کی برآمد بھی 5، 5فیصدگر گئی، صرف مصالحہ جات کی برآمد 17.82اورگوشت واسکی مصنوعات کی 16.76 فیصد بڑھ سکی۔
رپورٹ کے مطابق قالین کی برآمد 20.34 فیصد کمی سے 7 کروڑ 40 لاکھ 27 ہزار ڈالر رہی، اسپورٹس گڈز کی بیرونی طلب بھی کم ہوئی جس کے نتیجے میں کھیلوں کا سامان 1.63 فیصد کمی سے 23 کروڑ 64 لاکھ 15ہزار ڈالر کا برآمد کیاگیا، خام چمڑے کی برآمد 27.15 فیصدکمی سے 26 کروڑ 73 لاکھ 54 ہزار ڈالر اور لیدر پروڈکٹس کی 14.66 فیصد گھٹ کر 39 کروڑ 32 لاکھ 51 ہزار ڈالر رہی۔
طبی آلات اور سامان جراحی کی بیرون ملک فروخت 3.08 فیصد کے اضافے سے 26 کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی، کیمیکلز اور فارما مصنوعات کی برآمدات 13 فیصدکمی سے 58 کروڑ 82 لاکھ 93 ہزار ڈالر رہی، انجینئرنگ گڈز کی ایکسپورٹ 20.71 فیصد گھٹ کر 13 کروڑ 53 لاکھ 36 ہزار ڈالر، سیمنٹ کی 28.94 فیصدکمی سے 24 کروڑ 80 لاکھ 26 ہزار ڈالر جبکہ گڑ اور اس کی مصنوعات کی برآمد 58.53 فیصدگھٹ کر 1 کروڑ 89 لاکھ 83 ہزار ڈالر رہ گئی۔