تھائی لینڈ کے غار سے مزید 4 بچوں کو نکال لیا گیا، تعداد 8 ہو گئی

Thai Cave Rescue

Thai Cave Rescue

بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ کے زیرِ آب غار میں پھنسے اسکول فٹبال ٹیم کے مزید 4 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جس کے بعد غار میں چار بچے اور 25 سال کوچ باقی ہیں۔

تھائی لینڈ کے زیر آب غار میں پھنسے بقیہ 8 بچوں اور ایک کوچ کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیم نے آج صبح دوبارہ امدادی کاموں کا آغاز کیا۔ ریسکیو ٹیم مزید 4 بچوں کو غار سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئی۔ ریسکیو کیے گئے بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

امدادی اداروں کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی کارروائی میں چار بچوں کو بچانے کے بعد غوطہ خوروں کو آرام دینے اور آکسیجن سلنڈرز کو بھرنے کی غرض سے ریسکیو آپریشن معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد آج صبح نئی تیاری اور عزم کے ساتھ امدادی آپریشن کا آغاز کیا اور دوپہر گئے تک مزید 4 بچوں کو نکال لیا گیا جس کے بعد بچائے جانے والے بچوں کی تعداد 8 ہوگئی۔ امدادی آپریشن تاحال جاری ہے اور امید ہے کہ مزید بچوں کو بحفاظت نکال لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 23 جون کو اسکول فٹبال ٹیم کے 12 نوعمر کھلاڑی اور کوچ پکنک مناتے ہوئے ایک غار میں داخل ہوئے جہاں اچانک پانی بھرنے کے باعث یہ لوگ زیر آب غار کے اختتامی حصے میں پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے 2 جولائی کو ان بچوں کا سراغ لگا لیا تھا جس کے بعد آپریشن میں تیزی آ گئی تھی۔