تھائی حکومت کا بنکاک اور نواحی علاقوں میں ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان

Bangkok

Bangkok

بنکاک (جیوڈیسک) تھائی حکومت نے دارالحکومت بنکاک اور اس کے نواحی علاقوں میں نافذ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

حکومت مخالف مظاہرے شروع ہونے کے بعد تقریباً 2 ماہ سے ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ تھی۔ تھائی لینڈ کے اقتصادی مرکز میں ہنگامی حالت کے خاتمے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ غیرملکی سرمایہ کارایک مرتبہ پھر بنکاک کی طرف لوٹ سکیں گے۔

منگل کو تھائی وزیر اعظم ینگ لک شیناوترا کے دفتر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے دن سے ان علاقوں میں نافذ ایمرجنسی ختم کردی جائے گی۔

ینگ لک شیناوترا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ عوام کو ہم پراعتماد ہیں کہ ہم موجودہ صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ بہت سی پارٹیوں کی طرف سے درخواست موصول ہونے کے بعد کابینہ نے متقفہ طور پر ہنگامی حالت ختم کرنے پر اتفاق رائے کیا۔

تھائی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس ہنگامی حالت کے اختتام کا فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کہ ملک میں سیاحت اور اقتصادی شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ ینگ لک شیناوترا کو گزشتہ 4 ماہ سے شدید سیاسی مخالفت کا سامنا ہے۔ اسی دوران اپوزیشن اور عوام کی ایک بڑی تعداد بالخصوص دارالحکومت بنکاک میں ان کے خلاف مظاہرے بھی کرتی رہی تھی۔