تھائی بادشاہ نے فوج کو حکومت کا اختیار دیدیا

King

King

بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول اولیاوج نے سرکاری طور پر فوج کے سربراہ جنرل پرایت چان اوچاکو نئی فوجی حکومت کا سربراہ مقرر کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ نے اپنے شاہی فرمان میں کہاکہ وہ ملک میں امن کی بحالی اور سلامتی کیلئے جنرل پرایت چان اوچاکو قومی کونسل برائے امن کا سربراہ مقرر کر کے انہیں ملک کا نظام چلانے کی ہدایت کرتے ہیں۔

شاہی فرمان کے تحت اختیارات حاصل ہونے کے بعدتھائی آرمی چیف نے نئے آئین کے مجوزہ مسودے کا اعلان کردیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کیا جائے گا۔فوجی سربراہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے قانون کو مؤثر طور پر نافذ کیا جائے گا۔ اگر مظاہرے دوبارہ شروع ہوئے تو طاقت کے استعمال کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جلد از جلد انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں تاہم انتخابات کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔ عوام پرسکون رہیں۔ ملک کو مستقبل قریب میں وزیراعظم کی ضرورت ہے ۔دوسری جانب بنکاک میں مظاہرے روک دئیے گئے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنیوالے خو د کو جمع کر کے دوبار ہ مظاہرے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ادھر شینا وترا حکومت کے خلاف احتجاج کر نیوالوں کے لیڈر ساتھپ تھاگسیان کو رہا کر دیا گیا ۔