بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ کی حکومت مخالف تحریک ریڈشرٹس کے رہنما جاتوپورن پرومیان نے ملک میں مارشل لاء کے نفاذ کے بعد سیاسی قوتوں کے درمیان مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کیلئے قومی ریفرنڈم کی تجویز پیش کردی۔
انہوں نے یہ تجویز حریف سیاسی فریقوں کے ساتھ ایک بند کمرہ اجلاس کے دوران پیش کی۔
انہوں نے کہاکہ وہ اوران کے حامی مجوزہ قومی ریفرنڈم کے نتائج کو قبول کرنے کو تیار ہیں۔
پرومیان نے کہا کہ وہ اوران کے حامی انتہاپسند نہیں جو کسی کا موقف سننے پر تیار نہیں ہوتے۔
تھائی لینڈ میں گزشتہ سات ماہ سے جاری حکومت مخالف تحریک کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ منتخب حکومت کو بھرپور جواز اور حمایت فراہم کرنے کیلئے ملک میں ازسرنو انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعظم تھاکسن شناوترا کے حکومت پر اثرورسوخ میں کمی کا مطالبہ بھی کیا۔
اس سے پہلے، تھائی لینڈ کی فوج کے سربراہ جنرل پرایوت جان وچا نے دو روز قبل ملک میں مارشل کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا یہ اقدام سیاسی کشیدگی کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کی کوشش ہے۔