نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے تھائی لینڈ میں جاری سیاسی بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ بنکاک میں پولیس نے وزیر اعظم ہائوس، پولیس ہیڈ کوارٹرز اور دیگر حکومتی عمارتوں کے باہر لگائی گئی رکاٹوں کو ہٹا دیا ہے۔
بان کی مون نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ میں آزادی رائے، انسانی حقوق اور قانون کا احترام کیا جانا چاہیے۔
تھائی لینڈ میں گزشتہ کچھ دنوں سے بڑھتے ہوئے تشدد پر گہری تشویش رکھتا ہوں۔ میں اس تنازع کے نتیجے میں افراد کے ہلاک یا زخمی ہونے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتا ہوں۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ میں فریقین پر ایک مرتبہ پھر زور دیتا ہوں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے سیاسی اختلافات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔
بان کی مون نے مظاہرین کی طرف سے سرکاری اور میڈیا کے دفاتر کو زبردستی اپنے قابو میں کرنے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت جمہوری اقدار کا احترام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی رائے، انسانی حقوق اور قانون کا احترام کیا جانا چاہیے۔
واضع رہے کہ تھائی لینڈ کو گزشتہ تین برس بعد ایک مرتبہ پھر شدید سیاسی بحران کا سامنا ہے۔ اپوزیشن کے حامی وزیراعظم ینگ لک شناواترا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ خاتون وزیراعظم نے ایسے مطالبات مسترد کر دیے ہیں۔