فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تھانہ پر حملہ کیس میں ملوث مسلم لیگ نون کے ممبر پنجاب اسمبلی رانا شعیب ادریس کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
تھانہ کھڑریانوالہ پر حملے میں ملوث مسلم لیگ نون کے ممبر پنجاب اسمبلی رانا شعیب ادریس کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔ جسں پر عدالت نے رانا شعیب ادریس اور اسکے چھ ساتھیوں کو جیل بھجوانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
جبکہ اسی کیس میں ملوث دو ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔رانا شعیب ادریس پر الزم ہے کہ انہوں نے چند ہفتے قبل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ کھڑریانوالہ پر دھاوا بولا اور مزاحمت پر تین پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے، شعیب ادریس تھانے میں گرفتار اپنے ایک ساتھی کو چھڑواکر لے گئے تھے۔