تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کی نجی چینل کے نمائندہ اور کیمرہ مین کیساتھ بدتمیزی اور تشدد کے خلاف احتجاج

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کی نجی چینل کے نمائندہ اور کیمرہ مین کیساتھ بدتمیزی اور تشدد کے خلاف وزیرآباد کی صحافی برادری نے دو گھنٹے تک روڈ بلاک کر کے زبردست احتجاج اور نعرے بازی کی۔ SHO نواز گجر اپنے

ملازمین کے ہمراہ ایک نشئی کو سرعام بازار میں چھتر مار رہا تھا کہ نجی ٹی وی کے نمائندہ ،چیئرمین میڈیامہر محمد فیاض فیضی اورکیمرہ مین وحید احمد کوریج کرنے لگے تو ایس ایچ او نے آناً فاناً کیمرہ مین پر حوروں مکوں کی بارش اور غلیظ گالیاں دینا شروع کر دیں ۔صحافی نے منع کیاتو سرعام غلیظ گالیاں دیتے ہوئے سنگین مقدمات درج کرنے کی دھمکیاں دینے لگا ۔اسی دوران ایس ایچ او و دیگر ملازمین نے کیمرہ چھینے کی کوشش کی جس سے قیمتی کیمرہ ٹوٹ گیا۔واقعہ کے فوری بعد میں وزیر آباد کی تمام صحافی برادری اکٹھی ہوگئی اور کچہری چوک روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔

اس موقع پر مہر محمد فیاض فیضی، افتخار احمد بٹ، شکیل اعوان ،عقیل احمد لودھی،عبداللہ وڑائچ ،نیئر عالم ،سید موعود شاہ قادری نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ صحافی اپنے قلم کے ذریعے معاشرے میں ہونے والی ناانصافیوں اور ظلم و بربریت کی نشاندہی کرتے ہیں ،ہر وقت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک و قوم کے لئے صحافتی فرائض سر انجام دیتے ہیں ایس ایچ او نے جرائم کنٹرول کرنے کی بجائے قوانین کو ہاتھ میں لیکر نشیئوں اور عام ملزمان کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے جس سے شرفاء میں پولیس کے بارے خوف پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرایس ایچ او اور ساتھیوں کے خلاف کاروائی نہ عمل میں لائی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب اور پولیس کے اعلیٰ حکام واقعہ کا فوری نوٹس لیں۔

Police Voilence

Police Voilence