تھر میں بچے بھوک سے نہیں بلکہ غربت سے مرے ہیں، سید قائم علی شاہ

Syed Qaim Ali Shah

Syed Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر میں بچے بھوک سے نہیں بلکہ غربت سے مرے ہیں۔

سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تھرکے 16 لاکھ لوگوں کے لیے 2 ارب روپے کی گندم فراہم کی گئی جبکہ گزشتہ 6 سال سے متاثرین میں گندم تقسیم کر رہے ہیں جبکہ تھرپارکر کے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کام کر رہے ہیں، مٹھی اسپتال کا معیار کراچی کی سول اسپتال کے برابر ہے اگر کسی کو شک ہے تو مٹھی جائے اور وہاں کے اسپتالوں کا موازنہ سندھ کے دیگر اسپتالوں سے کر لے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پر بلا جواب تنقید نہ کی جائے اور کسی کو عداوت ہے تو معافی مانگ لیتے ہیں، ایم کیو ایم کے سید سردار تھرپارکر کا دورہ کریں اگر وہ کہیں کہ ہماری وجہ سے حالات خراب ہوئے تو ہم معافی مانگنے کیلیے تیار ہیں۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا حکومت ترقیاتی کاموں کو جاری رکھے گی جس کی تازہ مثال نیشنل گرڈ میں سندھ حکومت نے ہوا سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کر کے دی ہے اور جلد 400 سے 500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، پچھلی حکومتوں نے 4آراوپلانٹ لگائے تھے اور ہم نے 80 پلانٹ لگائے ہیں۔