کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ تھر میں قحط سالی کی سنگین صورتحال کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے روزانہ معصوم بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کوپرواہ ہی نہیں، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے رویہ شرمناک ہے ،پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری اوروزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگروزرراء بیانات کی حدتک ہی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں عملی طور پر کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔
ہفتے کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تھر میں معصوم بچوں کی اموات کے واقعات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ تھر کی صورت حال پرپیپلزپارٹی کو سیاست کرنے بجائے مشکلات کا حل نکالنے پر توجہ دینی چاہیے ہر سال قحط سالی کے معصوم بچوں اور میویشی موت کے منہ میں جارہے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ،انہوںنے کہاکہ تھر کے لیے ہسپتالوں کے اعلان خوش آیند ہیں مگر ہر سال اس طرح بچوں کی اموات کا ہونا لمحہ فکریہ اور حکومت کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے انہوںنے کہاکہ سندھ کارڈکی بنیادپرہمیشہ سیاست کرنے والی پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کی عوام کومایوس کیاہے ،اموات میں اضافہ صوبائی حکومت کی غیرسنجیدگی کیساتھ وفاقی حکومت کی مصلحت کی سیاست کے باعث ہورہاہے۔
انہوںنے کہاکہ ایک طرف تھر میں بھوک اور پیاس کے باعث بچے بلک کر جان دے رہے ہیں تو دوسری جانب حکمران اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں اور یہ بھول گئے ہیں اقتدار کی کرسی تک پہنچانے والی یہی عوام ہے جس کو وہ نظر انداز کررہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ حکمران اللہ کے عذاب سے ڈریں سیاست وکرسی بچانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں ، انہوںنے کہاکہ اموات کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت پربھی عائد ہوتی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ،وزیر اطلاعات اورسندھ کے دیگروزراء کارویہ قابل شرم اورقابل افسوس ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔