کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت کی شراکت سے تھرمیں کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے کیلیے مقامی بینکوں سے 50ارب روپے کی فنانسنگ سے متعلق مختلف معاہدے طے پاگئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے نجی سرمایہ کاروں کواعتماد فراہم کیا۔ یہ منصوبہ ملک کو توانائی میں خودکفیل بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے شیئرہولڈرز اور پاکستان میں کام کرنے والے 8بڑے بینکوں پرمشتمل کنسورشیم کے مابین کوئلے کی کان اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لیے 50ارب روپے کی فنانسنگ کے سلسلے میں ماسٹر شیئرہولڈرز ایگری منٹ طے پاگیا ہے۔
معاہدے پرسندھ اینگروکول مائننگ منصوبے میں شریک حبکو، تھل لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، اینگرو، سی پی آئی مینگ ڈونگ اورچائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سینئر صوبائی وزیر مراد علی شاہ کی موجودگی میں دستخط کیے۔