تھرپارکر (جیوڈیسک) تھر میں خشک سالی سے مزید 3 بچے جاں بحق، تعداد 140 ہوگئی۔ سندھ کے ضلع تھرپارکر میں خشک سالی اور جان لیوا امراض نے مزید تین بچوں کی جان لے لی۔ مٹھی سول اسپتال میں دوبچے اوراسلام کوٹ کے اسپتال میں ایک بچی چل بسی۔
صحرائے تھرمیں غذائی قلت اور مختلف امراض میں مبتلا مزید تین مزید بچے انتقال کر گئے ہیں۔ اسلام کوٹ میں چار دن کی رابیلہ چل بسی۔ متاثرہ خاندان نے شکوہ کیا کہ اسپتال میں علاج کی بہترسہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے بچی کا انتقال ہوا۔
ننگر پارکرسے تعلق رکھنے والا چھ ماہ کا رام چند سول اسپتال مٹھِی پہنچ کرچل بسا، جبکہ دو ماہ کے آصف کو اسپتال لایا جارہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔ دوسری جانب سول اسپتال مٹھی میں ابھی تک علاج کی صورت حال بہتر نہ ہوسکی۔
اب بھی ایک بستر پر کئی کئی مریض ہیں۔ ادھر کئی سیاسی و سماجی اداروں کی جانب سے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم دیہی علاقوں میں امداد کی فراہمی مشکل بنی ہوئی ہے۔