کراچی (جیوڈیسک) تھر میں غفلت برتنے پر تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، صوبائی وزیر ریونیوریلیف مخدوم جمیل الزمان سے قلمدان واپس لے لیا گیا۔ دوسری جانب سندھ کے ریلیف کمشنر لالہ فضل الرحمان کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھر کی صورت حال سے غفلت برتنے پر صوبائی وزیر ریونیوریلیف مخدوم جمیل الزمان سے قلمدان واپس لے لیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کرکے محکمہ ریلیف کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ کے ریلیف کمشنر لالہ فضل الرحمان کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت میں یہ تبدیلیاں پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کی گئی ہیں۔، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تھر کی صورتحال پر سندھ حکومت کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ آئندہ چند روز میں سندھ کی بیوروکریسی میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔