کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ تھر کے معاملے پر عوام کو جوابدہ ہیں، معاملے کو بنیاد بنا کر حکومت کے خلاف سازش ہورہی ہے۔
وزیر اطلاعات شرجیل میمن کہتے ہیں کہ وہ ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کرتے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کے رکن پونجوبھیل نے تحریک التوا پیش کرکے تھرکی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کیا ، جسے حکومتی ارکان نے خلاف ضابطہ قراردے کر تحریک کی مخالفت کی۔
اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے جسقم کے رہنما مقصود قریشی اور سلمان ودھو کے قتل کی مذمت کی اور اس واردات کو سندھ کے خلاف سازش قرار دیا۔
اس سے قبل میڈیا سے گفت گو میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ وزارتیں پارٹی اور حکومت کی امانت ہیں۔ تھر کی صورتحال پر سندھ اسمبلی میں منگل کو بحث کی جائے گی۔