کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ کے ضلع تھر میں سال 2020 کے دوران کمسن بچوں کی اموات کا سلسلہ نہ رک سکا اور رواں سال بھی 800 سے زائد بچے انتقال کر گئے۔
تھر میں گزشتہ پانچ برس کے دوران انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے۔
محکمہ صحت کے اعدادشمار کے مطابق گزشتہ 5 سالوں کےدوران 3 ہزار سے زائد انتقال کرنے والے بچوں میں 300 سے زائد وہ بچے بھی شامل ہیں جو دنیا میں آنے سے قبل ہی انتقال کر گئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صرف رواں سال میں یہ تعداد 800 سے زائد پہنچ گئی ہے، مناسب غذا،خون کی کمی، بچوں کی پیدائش میں وقفہ نہ ہونا خواتین اور بچوں کی اموات کا بڑا سبب ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ تھرپارکر میں حمل سے زچگی کے مراحل کے دوران ماں اور بچے کو صحت سے متعلق آگاہی اور بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کرکے بچوں کی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔