تھر سانحہ کا ذمے دار کون ؟ پیپلز پارٹی کے رہنما آمنے سامنے آگئے

Qaim Ali Shah, Makhdoom Amin Fahim

Qaim Ali Shah, Makhdoom Amin Fahim

کراچی (جیوڈیسک) تھر میں خشک سالی اور بدانتظامی کا ذمہ دار کون تھا؟ یہ طے کرنے کے لیے سندھ کے دو بزرگ سیاستدان آمنے سامنے آ گئے ہیں، پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماوٴں نے ذمہ داری ایک دوسرے پرڈال دی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر کی صورتحال کے ذمے دار امین فہیم کے بیٹے ہیں جبکہ مخدوم امین فہیم کہتے ہیں قائم علی شاہ یاد رکھیں، وہ جس پارٹی کے وزیراعلیٰ ہیں میں اس کا سربراہ ہوں۔

تھرکے معاملے پر پیپلزپارٹی میں پھوٹ پڑگئی ہے اور ہالا اور وزیراعلیٰ آمنے سامنے آگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر کی صورتحال کے ذمے دار امین فہیم کے بیٹے ہیں۔ سروری جماعت کے اعلامیے کے مطابق سانحہ تھر کے ذمے دار قائم علی شاہ ہیں، ہالا میں وزیراعلیٰ کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جس پارٹی کا ہے، میں اس کاسربراہ ہوں، قائم علی شاہ یاد رکھیں،انہوں نے 5 سال میرے ماتحت کام کیا ہے۔

مخدوم امین فہیم کا مزید کہنا ہے کہ یہ بولنا غلط ہے کہ تھر میں قحط میرے بیٹوں کی وجہ سے آیا ہے، تھر واقعے کی پہلے تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سروری جماعت کو ہماری عزت عزیز ہے جو کیچڑ اچھالی جارہی ہے، سروری جماعت برادشت نہیں کرے گی۔