مٹھی (جیوڈیسک) تھر میں مٹی ملی گندم کی بوریوں کا انکشاف کرنے والے محکمہ خوراک کے ملازم کے خلاف ہی مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے متاثرین تھر کے لئے گندم کی بوریاں بھیجی گئی تھیں جو مٹھی کے سرکاری گودام میں رکھی گئی تھیں۔
محکمہ خوراک کے سپروائزر کھیت سنگھ راٹھور نے 300 بوریوں میں مٹی ملی گندم کی نشاندہی کی تھی۔جس کی پاداش میں انتظامیہ نے کھیت سنگھ راٹھور کے خلاف ہی مقدمہ درج کرا دیا اور گرفتار بھی کرادیا۔ مٹھی تھانہ میں درج کئے جانے والے مقدمہ میں ہیرا پھیری، خوراک میں ملاوٹ اور سرکاری ملازم کی جانب سے اعتبار توڑے جانے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔