تھرپارکر (جیوڈیسک) تھر میں متاثرین کو گندم، اشیائے خورو نوش، ادویات اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ تھر کے مختلف علاقوں میں مزید تین بچے جاں بحق ہو گئے۔
غذائی قلت کا شکار گیارہ بچے اسپتال پہنچ گئے۔ متاثرین کی دوسرے علاقوں میں نقل مکانی بھی جاری ہے۔
تھر میں متاثرین کو گندم، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی جاری ہے۔ گندم اور دیگر اشیاء کی تقسیم کے لئے ٹرانسپورٹرز مصروف عمل ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔ جانوروں کی خوراک کے لئے چارے سے لدے کئی ٹرک بھی پہنچ گئے ہیں جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں جانوروں کی ویکسی نیشن کر رہی ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے بھی متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ فوج کی جانب سے فیلڈ اسپتال بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف متاثرین کو طبی امداد دے رہے ہیں۔ ادھر سندھ حکومت نے متاثرین کو مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف تھر کے علاقے میں غذائی قلت کا شکار مزید تین بچے دم توڑ گئے۔ مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔