تھر میں غذائی قلت کے شکار مزید 4 بچے دم توڑ گئے

Tharparkar

Tharparkar

مٹھی (جیوڈیسک) تھر میں غذائی قلت اور بنیادی صحت کی سہولیات کی کمی نے آج بھی 4 زندگیوں کے چراغ بجھا دئیے جس کے بعد گزشتہ 10 روز میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔

تھر میں بھوک اور پیاس کے باعث موت کے سائے منڈلا رہے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر مٹھی کے سول اسپتال میں 9 ماہ کا پرکاش، ڈیپلو کے گاؤں کمالو میں 8 دن کی کوثر، اشرف حالو کا نومولود بچہ اور چھاچھرو کے تحصیل اسپتال میں زیر علاج 6 ماہ کی لیلا کو قحط نے نگل لیا۔

گزشتہ 10 روز میں 39 بچوں سمیت 42 افراد بھوک ، افلاس اور حکومتی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں، اس کے علاوہ سول اسپتال مٹھی میں زیرعلاج 40 بچوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 بچوں کو حیدرآباد بھجوایا گیا ہے۔

دوسری جانب تھر کے غریب باسیوں میں گندم کی پانچویں قسط دو ماہ گزر جانے کے باوجود بھی مکمل طورپر تقسیم نہیں کی جا سکی۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود متاثرین کو اب تک امدادی کھجوریں بھی مہیاں نہیں کی گئیں۔