ٹھٹھہ میں کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

کراچی : رائٹ ٹو پلے کے زیر اہتمام گلوبل کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ڈسٹرکٹ ٹھٹہ مکلی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا،ٹورنامنٹ میں ڈسٹرکٹ ٹھٹہ کی 16معروف کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ٹورنامنٹ کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ عابد سلیم قریشی نے کرکٹ بال کو ہٹ لگا کر کیا اس موقع پر مہمان خصوصی عالمی ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان ،اسکالر مسعود جمال،عطاء محمد سومرو ،خدابخش بہرانی ،سعید عالم معراج الحق ،عبدالعزیز کینگرانی،عبدالواحد عقیلی اور ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کرکٹ آفیشل کے علاوہ ٹھٹہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ وہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان نے رائٹ ٹو پلے کو گلوبل T-20کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دور میں کھیل وہ واحد ذریعے ہے جس کے ذریعے ہم معاشرے میں سدھار لاسکتے ہیں کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں اور پوری دنیا میں کھلاڑیوں کو امن کے سفیر کی حیثیت سے جانا جاتا ہے انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ قیام امن ،محبت اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اورنگزیب سلطان نے کہاکہ پوری دنیا دہشت گردی کی لپیٹ میں کھلاڑی اپنی کاوشوں سے امن کو فروغ دے سکتے ہیں انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ علاقائی سطح پر کرکٹ سمیت اسپورٹس کو ترقی دیا جائے ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ،کھیل کے میدانوں کو آباد کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جہاں کھیل کے میدان ختم ہونے لگیں وہاں ہسپتال آباد ہونا شروع ہوجاتے ہیں صحت مند زندگی کے لئے کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا انہوں نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ ٹائون اور یونین کونسل کی سطح پر کرکٹ ،فٹ بال ،ہاکی سمیت کھیل کے دیگر شعبوں کی سرپرستی کی جائے تاکہ نوجوان اپنے جوہر دکھا کر ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عابد سلیم قریشی نے نوجوانوں کو کرکٹ سمیت کھیل کے تمام شعبوں کے فروغ کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اور اس میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کیا۔