ٹھٹھہ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے ٹھٹھہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹھٹھہ اور سجاول میں گیس منصوبے کیلئے 110 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کیٹی بندر روڈ کی تعمیر کیلئے پچاس کروڑ کی گرانٹ کی منطوری بھی دی۔ وزیر اعظم نے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں سمندری کٹاؤ روکنے کیلئے بند تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سندھ حکومت اپنا حصہ ڈالے یا نہ، ہم ٹھٹھہ والوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ انہوں نے ٹھٹھہ میں 500 بستر والا ہسپتال تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعظم نے ٹھٹھہ کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ بہت مخلصانہ جذبہ لے کر آیا ہوں، بجلی کے بل ضرور ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام منصوبوں پر ٹھٹھہ کے عوام کا حق ہے، یہ آپ پر احسان نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سمندر کے کٹاؤ سے قیمتی زرعی زمینیں سمندر کی نذر ہو رہی ہیں، یہ صوبائی حکومت کا معاملہ ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوتی جا رہی ہے، 2013ء میں جب حکومت سنبھالی تو بجلی کا برا حال تھا، محبت کے جذبے کا جواب محبت سے دے رہا ہوں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ شیرازی برادران نے صوبائی اختیارات کی باتیں کی ہیں۔
وفاقی حکومت علاقے کے تمام مسائل کے حل کا وعدہ کرتی ہے، یہ تمام مسائل صوبے کی حکومت کو حل کرنے چاہیں۔ تاہم انہوں نے اعلان کیا کہ ٹھٹھہ کے مسائل وفاقی حکومت حل کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے مسائل میرے مسائل ہیں اور میں علاقے کے مسائل حل کر کے دم لوں گا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ ہم سندھ کی تعمیرنو کریں گے، سندھ کے گوٹھوں اور دیہات کو نیا ولولہ دیں گے اور سندھ کے عوام کو موٹر ویز اور بجلی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی محرومی ہم دور کریں گے، ہم سندھ دھرتی کی پیاس بھجائیں گے اور یہاں کے گوٹھوں اور دیہات کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ کی تعمیرنو مشکل ہے لیکن عوام کے تعاون سے کریں گے اور کراچی کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں نے کہا صحت کا کام ہم خود کریں گے لیکن اب سندھ حکومت ہم سے کہتی کہ آپ ہیلتھ کارڈ دیں، ہم مدد کریں گے۔