اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں ایک تہائی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جی ایس پی پلس ملنے کے پہلے سال 2014 میں یورپی یونین کوبرآمدات میں 21.24 فیصد اضافہ ہوا اور اس سال کے پہلے 7 ماہ میں جی ایس پی پلس ملنے سے پیشترسال کے پہلے 7 ماہ کی نسبت 12.5 فیصد اضافہ ہوا جو انتہائی قابل اطمینان ہے۔
جی ایس پی پلس سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی برآمدات کو خاطر خواہ سہارا ملا اور عالمی تجارتی منڈیوں میں مندی کے باوجود یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کو فروغ حاصل ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اپنی عالمی ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔
پاکستان واحد ملک ہے جس نے عالمی ذمے داریوں کے نفاذ کے لیے نیا ادارہ قائم کیا، وزیر اعظم آفس کے تحت ٹریٹی امپلی منٹیشن سیل قائم کیا گیا ہے جو چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے انسانی حقوق قوانین سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے موجودہ حکومت کے دور میں 3 نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد کمی ہوئی اور امن وامان کو فروغ ملا، پاکستان کی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہوئی جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی اور پاکستان میں جمہوریت کو تقویت ملی۔ انھوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس 10 سال کے لیے ہے، اس کا پہلا ریویو آئندہ سال متوقع ہے جس میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔